دعا کو اللہ تعالیٰ کی ثناء اور اس کے حبیب (صلی الله علیه وسلم) پر درود سے شروع کرے۔
حضرت فضالہ بن عبید رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں: رسول اللہ (صلی الله علیه وسلم) نے ایک آدمی کو نماز میں دعا کرتے ہوئے سنا، اس نے نہ تو اللہ تعالیٰ کی حمد کی اور نہ ہی رسول اللہ (صلی الله علیه وسلم) پر درود پڑھا، تو رسول اللہ (صلی الله علیه وسلم) نے فرمایا: اس نے جلدی کی، پھر آپ (صلی الله علیه وسلم) نے اس کو بلایا اور فرمایا: ’’تم میں سے اگر کوئی نماز پڑھے، تو اسے چاہیے کہ وہ پہلے اپنے رب کی بڑائی اور ثنا کرے، پھر اس کے بعد اپنے نبی (صلی الله علیه وسلم) پر درود بھیجے، پھر اس کے بعد جو چاہے دعا مانگے۔‘‘
اگر اللہ تعالیٰ کی ثنا سے شروع کرے تو خاص طور پر آیات الحمد(اللہ تعالی کی تعریف والی آیات) کا اہتمام کرے، جو کہ مختلف سورتوں کے شروع میں آئی ہیں، جن کا ذکر آگے آرہا ہے، پھر اس کے بعدحضور نبی کریم (صلی الله علیه وسلم) پر درود بھیجے، پھر اس کے بعد مختلف اقسام کی حمد والی آیات پڑھے،جن میں سے کچھ کا ذکر آگے آرہا ہے،جو زیادہ قبولیت کا باعث ہیں۔